مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی صوبۂ واسط میں بدر الائنس کے رکن سلام حسین نے کہا کہ امریکہ، عراق کو ایران مخالف اتحادوں کی پالیسی کی جانب لے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ بغداد کو واشنگٹن کے فیصلوں کی پیروی پر مجبور کرنے اور امریکی و صیہونی حکومت کے مفادات کے تحفظ کی خاطر عراق پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
سلام حسین نے المعلومہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، عراق کو ایسے اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کی قیادت واشنگٹن، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کرنا چاہتا ہے۔
ان کے بقول، بغداد پر ایرانی طیاروں کی لینڈنگ پر پابندی عائد کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مقصد ایران پر معاشی دباؤ بڑھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراقی عوام اپنے ملک کو ایران کے خلاف امریکی۔اسرائیلی اتحاد میں شامل کرنے کے مخالف ہیں، خصوصاً اس لیے کہ ایران عراق کا ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 1400 کلومیٹر سے زیادہ طویل مشترکہ سرحد موجود ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اعتقادی، سماجی، تجارتی اور سیاسی سطح پر وسیع تعلقات قائم ہیں۔
تنظیمِ بدر کے اس رکن نے زور دے کر کہا کہ امریکی حکومت کے فیصلوں کی پیروی کی خاطر عراق اور ایران کے باہمی روابط اور تعلقات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے امریکی وزارتِ خزانہ کے ہدف کو ایران پر زیادہ سے زیادہ معاشی دباؤ ڈالنا اور عراق کو امریکی۔اسرائیلی اتحاد کی جانب دھکیلنا قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ